اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ذرائع ابلاغ نے مقبوضہ فلسطین اور لبنانی سرحد پر حزب اللہ اور صہیونی فوج کے درمیان جاری جھڑپوں کی اطلاع دی ہے۔
اسکائی نیوز کے مطابق، حزب اللہ لبنان اور صہیونی فوجیوں کے درمیان گولیوں کا تبادلہ ہوا ہے، بعض دیگر نیوز ایجنسیوں نے لبنان کی جانب سے صہیونی ریاست کی طرف راکٹ فائر کئے جانے کی خبر بھی دی ہے۔
العربیہ کے نمائندے نے یہ بھی بتایا کہ حزب اللہ لبنان کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے کے بعد صہیونی ریاست نے معاون فورس سرحد پر بھیج دی ہے۔
بعض نیوز ایجنسیوں نے اسرائیلی فوجی گاڑی کو نشانہ بنائے جانے کی متضاد خبریں دی ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان جھڑپوں کے دوران کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
اسرائیلی فوج نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب تین یا چار بار حزب اللہ کی افواج نے اسرائیل میں دراندازی کی کوشش کی۔
المیادین نیوز نیٹ ورک کے مطابق صیہونی ریاست کے دعوؤں کے برخلاف حزب اللہ کا کوئی سپاہی اس جھڑپ میں شہید نہیں ہوا۔
المیادین نے یہ بھی اعلان کیا کہ نیتن یاہو نے ’شبعا‘ علاقے میں ہوئی جھڑپ کی خبر سنتے ہی کابینہ کا اجلاس چھوڑ دیا۔
صہیونی میڈیا نے اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی حکومت نے مقبوضہ شمالی فلسطین میں تمام ہوٹلوں اور سیاحتی مراکز کو بند رکھنے کا حکم دے دیا ہے۔
صہیونی میڈیا نے یہ بھی اطلاع دی کہ مذکورہ علاقے میں اسرائیلیوں کو پناہ گاہوں میں جانے کو کہا گیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲